ریاض:(اے پی پی)اساتذہ، طلبہ کی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور اُنہیں روایتی تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم سے بھی آراستہ کریں، یہ بات ریاض میں سفیر پاکستان منظورالحق نے نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں تقسیم انعامات کی تقریب میں کہی ۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض نے SSCاور HSSCفیڈرل بورڈ اسلام آباد کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے لیے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان منظورالحق تھے۔تقریب میں کمیونٹی ویلفیئر اتاچی سید حماد عابد اور سفارخانے کے دیگر افسران کے علاوہ والدین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان نے طلباء، اساتذہ، والدین اور اسکول پرنسپل طاہر رضا کو امتحان کے بہترین نتائج پر سراہا اور یقین دلایا کہ اسکول کے مسائل اور اساتذہ کی تنخواہوں کے اسکیل کو بہتر بنانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو شو بھی پیش کیے۔