خبرنامہ پاکستان

استعفیٰ دیا تو حکومت کیسے چلے گی؟جاوید ہاشمی

سینئر سیاست دان:(ملت+اے پی پی) مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نےاستعفیٰ دے دیا تو حکومت کیسے چلے گی دوسرے دن ہی الیکشن کرانے پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار روم میں خطاب کے دوران کیا۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ صوبے کے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہو سکتے بلوچستان میں بھی تحریک چلے گی تو کہا جائے گا کہ بھارت مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بھی صوبے بنا ئے گئے اور آج وہاں 35 صوبے ہیں۔ اگر صوبے بننے سے پاکستان مضبوط ہوتا ہے تو اسے کمزور مت کریں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ میاں صاحب پارلیمنٹ جائیں، ادارے کو عزت دیں اور عمران خان کو بھی کہتا ہوں پارلیمنٹ میں جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اخلاقی طور پر کمزور ہوئی ہے ۔پاناما سیاسی مسئلہ ہے اسے سیاسی طور پر حل کیا جائے ۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ ہم اپنے مسائل میں لگے ہوتے ہیں اور پھر وردی والے اٹھتے ہیں کہ ہم بیڑا پار لگاتے ہیں۔