خبرنامہ پاکستان

استعفے جمع کرانے سے متعلق عمران خان نے غلط بیانی کی، داور کنڈی

استعفے جمع کرانے سے

استعفے جمع کرانے سے متعلق عمران خان نے غلط بیانی کی، داور کنڈی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی داور کنڈی نے ارکان اسمبلی سے استعفے لینے سے متعلق چیئرمین عمران خان کے بیان کو غلط بیانی قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی نے انہیں استعفی دے دیئے ہیں اور استعفوں کی منظوری کا فیصلہ پارٹی کے سینئر افراد کی مشاورت کے بعد کریں گے۔
تمام پارٹی اراکین نے استعفے مجھے جمع کرا دیے، عمران خان
عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو اس کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔تاہم قومی اسمبلی کے حلقے این اے 25 (ڈیرہ اسماعیل خان کم ٹانک) سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے داور کنڈی نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کسی رکن اسمبلی نے عمران خان کو استعفے جمع نہیں کرائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ان کی کابینہ نے استعفے دینے سے انکار کردیا ہے۔ داور کنڈی کے مطابق، ‘وزیر اعلیٰ پرویز خٹک پشاور میٹرو سمیت مختلف جاری منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں اور اگر ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہوئے تو پی ٹی آئی کی انتخابی مہم متاثر ہوسکتی ہے’۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان ارکان پارلیمنٹ کو سیاسی نوٹنکی سمجھتے ہیں اور تحریک انصاف کے فیصلے شیخ رشید جیسے سیاستدان کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، چودھری سرور اور محمودالرشید کا نہ آنا اندرونی اختلافات کا واضح عندیہ ہے۔ واضح رہے کہ داور کنڈی کو عمران خان نے گذشتہ برس اُس وقت شوکاز نوٹس جاری کردیا تھا، جب انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے بے حرمتی کے واقعے میں ملوث ملزمان کی سرپرستی کر رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے واقعے کی آزاد انکوائری کا بھی مطالبہ کیا تھا۔