خبرنامہ پاکستان

اسحاق ڈار تین مہینوں میں جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری

اسحاق ڈار تین مہینوں میں جیل میں ہوں گے، فواد

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہےکہ احتساب کا عمل آگے بڑھ رہا ہے اور اسحاق ڈار تین مہینوں میں جیل کے اندر ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تیل اور سبزیوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، وزیراعظم نااہل شخص کے علاوہ بھی کچھ سوچیں، وزیراعظم اور کابینہ کا کام ایک ٹبر کے تحفظ کے علاوہ عوام کے لیے سوچنا بھی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب کا عمل آگے بڑھ رہا ہے اسحاق ڈار تین مہینوں میں جیل کےاندر ہوں گے لہٰذا اسحاق ڈار ملک پر رحم کریں اور بطور وزیر خزانہ مستعفی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا سیاسی اختتام ہوچکا، انہیں ایک بار نہیں پانچ بار پارٹی کا صدر بنا لیں لیکن جو شخص پاکستان کی سیاست میں حصہ نہیں لے سکتا ایسے پارٹی صدر کا کوئی فائدہ نہیں، (ن) لیگ نے روش نہ بدلی تو وہ بھی ڈوبتی کشتی میں ڈوب جائے گی۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ نئے نیب قانون کے لیے معاملہ سینیٹ میں ہے اور دوسری طرف چیرمین نیب کے لیے کوشش ہورہی ہے، ایک طرف آپ کہتے ہیںٕ نیب فنکشنل نہیں اور دوسری طرف چیرمین لگانا چاہتے ہیں۔