خبرنامہ پاکستان

اسفند یارجیسے جوان پاکستان کی بقاء کے ضامن ہیں:وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کی ملک و قوم کے لئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسفند یار جیسے جوان پاکستان کی بقاء کے ضامن ہیں‘ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں‘ جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کے والدین قابل فخر ہیں۔ وہ بدھ کو ملاقات کرنے والے شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن اسفند یار کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے ملک و قوم کے لئے ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید اسفند یار جیسے پاک فوج کے جوان پاکستان کی بقاء کے ضامن ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسے ہی جرات مند دلیر سپوتوں کی وجہ سے جنگ جیتیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں‘ جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کے والدین قابل فخر ہیں۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر فیاض بخاری نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ اسفند یار نے اپنی جان دے کر سینکڑوں جانیں بچائیں جس پر فخر ہے۔ وزیراعظم کو دہشت گردی کے مسئلے کا ادراک ہے۔ وزیراعظم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خود کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے شاندار عزت و احترام دیا حوصلہ افزائی پر وزیراعظم نواز شریف کا شکر گزار ہوں۔ (ن غ)