خبرنامہ پاکستان

اسلامی شریعت کونسل میں توسیع کی تجاویز منظور

اسلام آباد:(آئی این پی) اسلامی شریعت کونسل نے کونسل میں توسیع کی متفقہ منظوری دے دی ہے۔ اسلام آباد میں چیئرمین محمد خان شیرانی کی سربراہی میں اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کے دوران ارکان سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے پر پھٹ پڑے۔ افتخار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری سفارشات پر سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیاں غور نہیں کر رہیں، اسمبلیاں سفارشات پر عمل نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، اسمبلیاں ذمہ داریاں پوری نہیں کرتیں، میڈیا اور عوام ہم پرغصہ نکالتے ہیں، ہمیں اسمبلیوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔ زاہد قاسمی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل درآمد کے لئے وفد تشکیل دیا جائے جو کہ صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کرکے سفارشات پر عملدرآمد کی بات کرے، جس پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل محمد خان شیرانی نے کہا کہ بہتر یہی ہے ہم ایجنڈا پر رہ کر بات کریں، سپریم کورٹ نے اردو زبان میں امور سرانجام دینے کا فیصلہ دیا، سپریم کورٹ کے ججز فیصلے پر عمل نہیں کرتے تو کیا کیا جائے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین نے اسلامی نظریاتی کونسل میں توسیع دینے کی تجویز پیش کردی، انہوں نے کہا کہ کونسل میں عالمی سطح پر ریسرچ کے لئے نئے شعبے قائم کئے جائیں گے، اس موقع پرسیکرٹری قانون جسٹسں سردار رضاء خان نے بھی تجاویز کی حمایت کتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی نظریاتی کونسل منظوری دے دے تو وہ حکومت کو سفارشات بھجوا دیں گے۔ جس پر تمام ارکان نے متفقہ طور پر کونسل میں توسیع کی منظوری دے دی۔