خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد ایئرپورٹ،غیرملکی سمیت دومنشیات اسمگلرگرفتار

نیواسلام آباد ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے دو مسافروں سے ہیروئن برآمد کرلی۔

اے این ایف کے مطابق گرفتار پاکستانی مسافر اسلام آباد کے نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دوحا جا رہا تھا۔ تلاشی کے بعد مسافر سے ہیروئن بھرے 80 کیپسول برآمد کیے گئے ہیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ملزم کا نام شاہد وزیر ہے، جب کہ وہ اورکزئی کا رہائشی ہے۔ اے این ایف حکام نے مسافر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ مسافر شاہد وزیرنے بھی دوران تفتیش 80 ہیروئین بھرے کیپسول نگلنے کا اعتراف کیا۔

دوسری جانب اے این ایف نے ایک اور کارروائی کے دوران نائجیرین شہری کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی ہیروئن بھرے کیپسول نگل کر پرواز ٹی کے 711 سے ترکی جارہا تھا۔ حکام نے غیر ملکی کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔