خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد ایئرپورٹ جلد مکمل ہو جائے گا،سیکرٹری ایوی ایشن

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الٰہی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے لیے بنائے جانے والے ہوائی اڈے کا تعمیراتی کام جنوری کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ اس وقت اس عمارتیں مکمل ہیں، آلات کی تنصیب کا کام جاری ہے اور کچھ آلات کی ٹیسٹنگ فروری میں شروع کر دی جائے گی۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہٰی نے بی بی سی سے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ ’ہمارا ہدف 14 اگست کو اس کا افتتاح کرانے کا ہے۔عرفان الہٰی نے بتایا کہ ’ہوائی اڈے کی متعلقہ سہولیات پر بھی کام ساتھ ساتھ جاری ہے۔ پانی، سڑکیں، بجلی اور گیس ان پر بھی ساتھ ساتھ کام ہو رہا ہے۔اسلام آباد کے ساتھ جوڑنے کے لیے انھوں نے بتایا کہ ’ہم دو مقامات سے بسیں چلائیں گے۔ جو نجی شعبہ چلائے گا۔ یہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے چلائی جائیں گی۔اس مقصد کے لیے اشتہارات دیے جا رہے ہیں تاکہ ٹرانسپورٹر اس روٹ پر بسیں چلا سکیں۔عرفان الہٰی نے مزید بتایا کہ ’دو روٹ مارچ تک مکمل ہو جائیں گے۔ تیسرے روٹ کی منصوبہ بندی چل رہی ہے جو سیدھا ہوائی اڈے تک جائے گا۔ اسی روٹ میں میٹرو بھی چل سکتی ہے اور ٹرین بھی چلائی جا سکے گی۔سیکرٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ ’اس کا راستہ گولڑہ موڑ سے ہوتا ہوا کوکاکولا فیکٹری کے ساتھ سے ہوتے ہوئے سیدھا نئے ایئر پورٹ تک جائے۔اسلام آباد ایئرپورٹ کے حوالے سے یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس پر 15 ایئر برج ہوں گے ۔یعنی پندرہ طیاروں کے ٹرمینل کے ساتھ اترنے اور سوار ہونے کی گنجائش ہو گی۔اس کے علاوہ 15 طیاروں کے لیے ریمورٹ پارکنگ کی گنجائش ہو گی جو کے کل ملا کر 30 طیاروں کی گنجائش بنتی ہے۔اس سوال پر کہ اس ایئرپورٹ کے رن وے دونوں بہت قریب ہیں۔ ایوی ایشن ڈویژن نے وضاحت کی کہ دو رن وے ہونا ایک نعمت ہے اور جیسا کہ لاہور میں دو رن وے ہیں جو کہ بیک وقت کبھی بھی استعمال نہیں کیے جاتے۔ دونوں رن وے اکٹھے ان ملکوں میں استعمال ہوتے ہیں جہاں ہر 30 سیکنڈ کے بعد ایک پرواز آتی جاتی ہے جو معاملہ یہاں ہر نہیں ہو گا مگر ایک رن وے کی عدم دستیابی یا اس پر کسی ایمرجنسی کی صورت میں دوسرا رن وے پروازوں کو بحال رکھ سکے گا۔ یاد رہے کہ اس نئے ہوائی اڈے کے منصوبے پر سوچ بچار کا آغاز 1984 میں شروع کیا گیا تھا جس پر عملی کام 2005 میں ہی شروع ہو سکا جو التوا کا شکار ہوتا ہوتا 2017 تک پہنچ گیا ہے۔ اس ہوائی اڈے کا سنگِ بنیاد جنرل پرویز مشرف نے رکھا تھا اور 14 اگست کو اس کی تکمیل پر وزیراعظم نواز شریف اس کا افتتاح کریں گے۔