خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد بند کرنے کی باتیں ملکی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش ہے : پیاف

لاہور۔21 اکتوبر(ملت + اے پی پی )پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے اسلام آباد بند کرنے کی باتوں کو ملکی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش قرار دیدیا،چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ ، وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی، خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ بعض عناصر معاشی ترقی روکنے کے درپے ہیں ،ماضی میں بھی قوم کی معاشی ترقی کے لئے 126 دن ضائع کیے گئے تھے اور ثابت ہوا تھا کہ دھرنے، احتجاجی اور منفی سیاست ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ،اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی ،احتجاجی سیاست اور گھیراؤ جلاؤ سیاست سے غیر ملکی سرمایہ کار محتاط ہوجاتا ہے اور ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری اور ملکی ترقی کا عمل شدیدمتاثر ہوتاہے، پانامہ لیکس کے ایشو پر تبصرہ کرتے ہوئے عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تحقیقات جاری ہیں اور اصل حقائق قوم کے سامنے آ جائیں گے، اس ایشو پر قوم کو گمراہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دھرنوں اور منفی سیاست کے ذریعے افراتفری پھیلانے سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اپوزیشن اپنے مسائل مذاکرات کی میز پر حل کرے ، سڑکوں پر احتجاج سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں اور تاجروں کے دوکانوں کی بندش سے انہیں لاکھوں روپے مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ایک دن کی ہڑتال سے ملک کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے اپوزیشن احتجاجی سیاست کا رویہ ترک کرے اور مذاکرات کی میز پر آئے۔