خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

لاہور(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے رائے ونڈ جلسے میں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفراللہ خان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہیکہ پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس معاملے پر سماعت کے لئے فل بینچ بھی تشکیل دیا جا چکا ہے درخواست میں مزید کہا گیا کہ پاناما لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باوجود عمران خان احتجاج اور تحریک چلارہے ہیں درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاناما لیکس کے معاملے پر رائے ونڈ میں احتجاجی جلسہ کرکے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان عدالتی فیصلہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے عدالت میں کیس زیرسماعت ہونے کے دوران عمران خان کا دھمکی آمیز خطاب توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔