خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد: خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مرکزی ملزم گرفتار

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) نیو ایئر نائٹ پر وفاقی دارالحکومت میں ظلم کی انتہاء کر دی گئی۔ جعلی ایم این اے نے ساتھیوں سمیت خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا تاہم اس کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق چودھری توصیف نامی ملزم نے جعلی ممبر قومی اسمبلی بن کر سہالہ کی رہائشی خاتون کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر بلایا۔ ملزم اسے ڈیرے پر لے گیا اور چار ساتھیوں کے ہمراہ اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ڈی ایس پی تھانہ سہالہ کے مطابق خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم چودھری توصیف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے چار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے خاتون کا میڈیکل بھی کرا لیا ہے۔