خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد سٹی میں کوئی عمارت غیر قانونی تعمیر نہیں: طارق فضل

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد سٹی میں کوئی عمارت غیر قانونی تعمیر نہیں ہے تاہم دیہی علاقوں میں ایسی عمارتیں موجود ہیں‘ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک بار چھوٹ دینے کے بعد اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود میں اب ایسی عمارتیں تعمیر کرنے کی مکمل پابندی ہوگی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران زہرہ ودود فاطمی کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں سی ڈی اے کی این او سی کے بغیر کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کے لئے سی ڈی اے کی جانب سے قومی اخبارات میں پبلک نوٹس شائع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد بننے کے بعد یہ سلسلہ چل رہا ہے۔ اسلام آباد سٹی کے علاقہ میں باقاعدہ بائی لاز کے تحت عمارتیں بنتی ہیں۔ یہاں کوئی غیر قانونی عمارتیں نہیں۔ آئی سی ٹی کے علاقہ میں بنی گالہ‘ بھارہ کہو قیام پاکستان سے پہلے کی آبادیاں ہیں۔ یہاں کے نقشے اسلام آباد کی یونین کونسلز پاس کرتی رہیں اس وجہ سے انہیں کھلی چھٹی ملی۔ اب اسلام آباد میں پہلی بار میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام سارا علاقہ آیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قائم کرنے جارہے ہیں جو بائی لاز بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی ان آبادیوں کو ایک بار چھوٹ دے کر پھر ان کو ریگولرائز کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے بچنے کے لئے باقاعدہ خبردار کیا جاتا ہے۔