خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد میں گھر سے ہسپانوی سفارتکار کی لاش برآمد

60 سالہ جینز گزشتہ 34 سال سے پاکستان میں تعینات تھا، طویل عرصے سے سانس کی بیماری میں مبتلا تھے، اپنی رہائشگاہ پر اکیلا ہی رہتا تھا،سفارتی ذرائع
اسلام آباد(ملت+آئی این پی )اسلام آباد میں ایف سیون ٹو میں رہائش پذیر اسپین کے سفارتکار گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایف سیون ٹو میں تعینات اسپین کے سفارتکار جان جینز اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپینش سفارتکار کی لاش کے قریب سے 38 بور کا پستول بھی برآمد ہوا اور ابتدائی طور پر واقعہ خود کشی معلوم ہوتا ہے تاہم واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپین کے سفارتخانے کو بھی واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعینات اسپین کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 60 سالہ جینز گزشتہ 34 سال سے پاکستان میں تعینات تھا اور اس نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، جینز طویل عرصے سے سانس کی بیماری میں مبتلا تھے اور اپنی رہائشگاہ پر اکیلا ہی رہتا تھا۔