خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد کو لینڈ مافیا سے نجات دلائیں گے: میئر شیخ انصر عزیز

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پہلی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ طویل اور قلیل المدت حکمت عملی کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر اور دارالحکومت بنانا ہماری اولین ترجیح ہوگی، رہائشی عمارتوں کے کمرشل استعمال سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کریں گے اور اسلام آباد کو لینڈ مافیا سے نجات دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ حلف برداری کی تقریب جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج ارم نیازی نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانا ہماری ترجیح ہے۔ طویل المدت اور قلیل المدت حکمت عملی اختیار کریں گے جس کے تحت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور اس کے قدرتی حسن کو محفوظ بنانے سے متعلق خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قلیل المدت اقدامات کے تحت شہر کے سینی ٹیشن نظام کی بہتری، تجاوزات کا خاتمہ، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے علاوہ گلیوں اور نکاسی آب کے نظام کی پختگی کے منصوبے شامل ہیں جبکہ طویل المدتی منصوبوں کے لئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان کے رول ماڈل ہیں اور ان کی رہنمائی میں کام کرتے ہوئے شہر کو جدید سہولیات سے ہم آہنگ کریں گے۔