خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دھرنے کے احکامات پرعملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دھرنے کے احکامات پرعملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس
اسلام آباد: (ملت آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہفتہ کی صبح 10 بجے تک دھرنا ختم کروایا جائے۔ جمعہ کو اس حوالے سے سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے دھرنے کو ختم کرنے کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ ہفتہ (18 نومبر) کی صبح 10 بجے تک دھرنا ختم کروایا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ضلعی انتظامیہ نے دھرنا ختم کرانے کے لئے اختیارات کا استعمال نہیں کیا، انتظامیہ اس ضمن میں ایف سی اور رینجرز کی مدد بھی لے سکتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین کے پاس ہتھیار ہیں اور انہوں نے پتھر بھی جمع کئے کر رکھے ہیں جس پر عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ ضلعی انتظامیہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پر امن طریقے سے یا طاقت کا استعمال کر کے جیسے بھی ہو، فیض آباد کو مظاہرین سے خالی کروائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جمعرات کو دیئے گئے حکم کے باوجود وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی کے سنگم فیض آباد پر دھرنا 13 ویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث لاکھوں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔