خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد:70 فیصد حلقوں کے نتائج پہلے سے ہی لوگوں کے علم میں ہوتے ہیں، چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد:(اے پی پی)چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ 70 فیصد حلقوں کے نتائج پہلے سے ہی لوگوں کے علم میں ہوتے ہیں اور بظاہر ایسا نظر آرہا ہے کہ آئندہ 25 سال تک یہی حکومتیں رہیں گی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نجی میڈیکل کالج کے الحاق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس امیر ہانی مسلم نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ انسپکشن کے بغیر کسی کو کیسے یونیورسٹی بنانے کی اجازت دے سکتے ہیں، جس پر پی ایم ڈی سی کے وکیل نے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت کے کہنے پر کئی آرڈر جاری کیے جاتے ہیں۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ حکومت نے5 سال میں پی ایم ڈی سی کا 5 واں آرڈیننس جاری کیا ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ وفائی حکومت تو چاہے گی کہ ہر جگہ ان کا حکم چلے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان حکمرانوں کو ہم ہی ووٹ دے کر لاتے ہیں، 70 فیصد حلقوں کے نتائج پہلے سے ہی لوگوں کے علم میں ہوتے ہیں،بظاہر ایسا نظر آرہا ہے کہ آئندہ 25 سال تک یہی حکومتیں رہیں گی۔ کرائے کی عمارتوں میں میڈیکل کالجز کھلے ہوئے ہیں، جنہوں نے کالجز کو بغیر انسپکشن بنانے کی اجازت دی ان سب کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، عدالت نے پی ایم ڈی سی کو کالج انسپکشن سے متعلق رپورٹ دو ہفتوں میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ ۔