خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد:پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں لگی آگ نےشدت اختیارکرلی

اسلام آباد: پریس انفارمیشن کی بلڈنگ میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرلی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزرات اطلاعات کے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی 6 منزلہ بلڈنگ کے ایک حصے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے باعث عمارت کا عملہ فوری طور پر باہر نکل گیا، عمارت میں موجود بعض افراد سیڑھیاں لگا کر اترے اور بعض نے کھڑکیوں سے چھلانگ لگائی جب کہ فائربریگیڈ کے عملے نے بھی موقع پر پہنچ کر اندر موجود افراد کو باہر نکالا اور عمارت مکمل طور پر خالی کرالی۔

فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہیں تاہم آگ کی شدت کی وجہ سے اس پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آگ لگنے کے باعث عمارت میں مکمل دھواں بھر گیا ہے اور عمارت کے دوسرے حصوں تک بھی پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی ڈی کی عمارت کے اطراف میں ہی گلگلت بلتستان سیکریٹریٹ، زکوٰۃ آڈٹ اور الیکشن کمیشن کے دفاتر بھی موجود ہیں۔

سی ڈی اے اور فائربریگیڈ کے حکام بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں اور ریسکیو کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہےکہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ نظر آرہی ہے، عمارت میں کاغذ، سیاہی اور دیگر کیمیکل کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہواہے۔