اسلام آباد:(آئی این پی)اسلام آباد پولیس نے رینجرز اور حساس اداروں کے ہمراہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران فارم ہاؤسز ، ہاسٹلز کی تلاشی لی گئی ۔ اسلحہ، لیپ ٹاپ برآمد کر کے تین افراد گرفتار کر لئے گئے ۔ سیکورٹی اداروں نے چک شہزاد اور گرد و نواح کے علاقوں میں نماز فجر کے بعد مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا جو تین گھنٹے جاری رہا ۔ آپریشن میں رینجرز کے 30 ، اسلام آباد پولیس کے 12 ، ملٹری انٹیلی جنس کے 2 ، آئی ایس آئی کے 3 اور سپیشل برانچ کا ایک اہلکار شریک تھا ۔ کارروائی کے دوران بیس فارم ہاؤسز اور 15 ہاسٹلز کی تلاشی لی گئی ، آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ ملزمان کے قبضے سے ایک بارہ بور رائفل ، ایک پمپ ایکشن اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں ۔ سیکورٹی اداروں نے مشتبہ شخص سے لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کو تھانہ شہزاد ٹاؤن منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔