اسلام آباد:(ملت آن لائن) پولیس نے فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد گرفتار کرلیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے سابق رہنما عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ان کے وکیل عمرے پر گئے ہیں لہٰذا ان کی واپسی یا دوسرا وکیل کرنے تک کیس ملتوی کیا جائے۔
عدالت نے فیصل رضا عابدی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔
فیصل رضا عابدی نے اس کیس میں راہداری ضمانت کرارکھی ہے۔
دوسری جانب فیصل رضا عابدی جب سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد باہر آئے تو واپس جاتے ہوئے شاہراہ دستورپر اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ فیصل رضا عابدی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ایک اور مقدمہ گزشتہ رات درج کیاگیا جس کے مدعی اے ایس آئی شوکت عباسی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمے میں شہرت کو نقصان پہچانے، ڈی فیم کرنے کی دفعات لگائی گئی ہیں اور انہیں گزشتہ رات درج کیے گئے اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فیصل رضا عابدی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ترجمان سپریم کورٹ کی مدعیت میں بھی مقدمہ درج ہے۔
فیصل رضا عابدی کے بھائی نے ان کی گرفتاری پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل کو گرفتار کرنا زیادتی ہے، وہ عدالت میں پیش ہورہے تھے اور انہوں نے ضمانت بھی کرارکھی ہے پھر بھی گرفتار کرلیا گیا۔
فیصل رضا عابدی کے بھائی نے بتایا کہ سابق سینیٹر کے خلاف تین مقدمات کی تحقیقات چل رہی ہیں جن میں سائبر کرائم، توہین عدالت اور تھانہ سیکریٹریٹ میں بھی مقدمہ درج ہے۔