اسلام آباد:(آئی این پی )اسلام آباد کی عدالت میں غازی عبد الرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی ، سابق صدر پرویز مشرف کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جو بیس فروری کو سنایا جائے گا ۔سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے کی ، لال مسجد کی طرف سے طارق اسد جبکہ ملزم پرویز مشرف کے وکیل ملک طاہر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔مدعی مقدمہ کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ پرویز مشرف کے خلاف سی ڈی پیش کرنا چاہتا ہوں جس پر ملزم کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس قانون کے تحت سی ڈی پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ میرے موکل کی حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست پر بحث مکمل ہو چکی اب عدالت فیصلہ سنائے گی ۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو بیس فروری کو سنایا جائے گا ۔