خبرنامہ پاکستان

اسلام کے نام سے غلط باتیں منسوب کر کے دہشتگردی کی جارہی ہے، سعودی سفیر

اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور اسلام کے نام سے غلط باتیں منسوب کر کے دہشت گردی کی جا رہی ہے۔پاکستان علماء کونسل کی جانب سے اسلام آباد میں منعقد پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیر کا کہنا تھا کہ علما دین اسلام کے محافظ ہیں جب کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسلام کے نام سے غلط باتیں منسوب کر کے دہشت گردی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرح ہم بھی دہشت گردی کا شکار ہیں، تمام عالم اسلام کو دہشتگردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا، امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے سعودی عرب کوشاں ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سر دار یوسف نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور آج پوری امہ کی نظریں پاکستان پر ہیں، خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے پوری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ذاتی مفادات کے لئے اسلام کو بدنام کر رہے ہیں، دنیا میں امن کا قیام تمام مذاہب کی ذمہ داری ہے۔سردار یوسف کا کہنا تھا کہ بین المذہب ہم آہنگی کے لئے علماء نے ہمیشہ حکومت کے ساتھ تعاون کیا، ملک میں امن کے قیام کے لئے پاکستانی علماء حکومت کے ساتھ ہیں، غیر مسلموں کا تحفظ آئینی اور اسلامی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مدارس میں ایجوکیشن ریفارمز لا رہے ہیں، اسلام آباد کے بعد پورے ملک میں نماز کے یکساں اوقات پر کام ہو رہا ہے، علما پورے ملک میں یکساں نظام صلوة کے لئے کردار ادا کریں۔صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب نے کہا کہ علماء کو سوچنا ہوگا پاکستان میں دہشت گردی کیوں ہورہی ہے، انتہاپسندی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔