خبرنامہ پاکستان

اسلحہ لائسنسوں کے اجرا کی پالیسی تیار

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے چوری اورڈکیتی کی کم سے کم سزا3 سال سے بڑھاکر5 سال اوربوگس چیک دینے والوں کی سزا کو دگنا کرنے سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کااجلاس چیئرمین کمیٹی راناشمیم کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ایوان کی طرف سے بھجوائے گئے ترمیمی بل زیر غور آئے۔ وزارت قانون نے چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم کی سزائیں بڑھانے کے ترمیمی بل کی مخالف کی تاہم اس کے باوجودکمیٹی نے ان جرائم کی سزا ئیں بڑھانے کی منظوری دیدی۔ کمیٹی ارکان کے مطالبہ پرسیکریٹری داخلہ عارف احمد خان نے بتایاکہ اسلحہ لائسنسوںکے اجراکی پالیسی تیارکرلی گئی، آئندہ ماہ لائسنسوں کے اجرا کا فیصلہ ہوجائے گا۔ کمیٹی نے بوگس چیک دینے والوں کی سزا کو دگناکرنے سے متعلق ترمیم بھی منظورکرلی، ترمیم کے مطابق جعلی چیک دینے والے کی ضمانت چیک سے دگنی رقم دینے سے ہوگی۔ سیکریٹری داخلہ نے ایک رکن کے استفسارپر بتایاکہ لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں رکھا جاسکتا ہے، اگر پولیس یاقانون نافذ کرنے والے ادارے لائسنس یافتہ اسلحہ کیخلا ف کارروائی کریں تومتعلقہ حکام کو فوری طور پر شکایت کی جائے۔ بحث کے دوران ایم کیوایم کے رکن سلمان بلوچ نے ایک موقع پر بولنے کی کوشش کی توچیئرمین نے انھیں بات کرنے سے روکدیا جس پر سلمان بلوچ نے کہاکہ آپ مجھے نہیں جانتے، راناشمیم نے سلمان بلوچ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہوش کے ناخن لیں مجھے دھمکی نہ دیںآپ مجھ سے واقف نہیں ہیں۔