خبرنامہ پاکستان

اسمبلی اجلاس میں صرف پانامہ پیپرزپربحث کی تحریک پیش کریں گے: قریشی

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن وزیراعظم کو قائد حزب اختلاف کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب کا انتظار کرے گی۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم کو قائد حزب اختلاف کی طرف سے لکھے گئے خط سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم تمام جماعتوں نے خط کے جواب کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج کے اجلاس میں تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ تمام معاملات چھوڑ کر صرف پاناما لیکس پر بحث کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے پاناما پیپرز میں لگنے والے الزامات کے حوالے سے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاناما لیکس کے حوالے سے تمام ہائی کورٹ بارز سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ ہماری رہنمائی کر سکیں۔