خبرنامہ پاکستان

اسٹیل ملز کے ملازمین 4 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

اسلام آباد:(اے پی پی)پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کسی ملازم کی چھانٹی کا کوئی ارادہ نہیں، گیس پریشر بحال ہوجائے تو پیداوار شروع کرسکتے ہیں۔ پاکستان اسٹیل ملز انتظامیہ کفایت شعاری اپناتے ہوئے پانی اور بجلی کی بچت پر کام کر رہی ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے فی الحال کوئی رقم موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی رکی ہوئی ہے۔ ادارے کے پاس آئرن اوور اور کوک موجود ہے، لیکن گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے دس جون دوہزار پندرہ سے پیداوار مکمل بند ہے جس کے باعث ادارے کو یومیہ سات کروڑ اور ماہانہ دو ارب روپے نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز پر ایس ایس جی سی کے دوہزار آٹھ سے اٹھارہ ارب روپے واجبات ہیں، مالی حالت بہتر ہونے پر جس کی ادائیگی کی جائے گی گیس پریشر کی بحالی کے بعد بلاسٹ فرنیس چلانے میں دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں۔