خبرنامہ پاکستان

اسٹیون اسمتھ عہد حاضر کے بہترین بیٹسمین قرار

اسٹیون اسمتھ عہد حاضر کے بہترین بیٹسمین قرار
برسبین:(ملت آن لائن) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ بلاشبہ حالیہ دور کے عظیم بیٹسمین ہیں۔ سابق کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ بلاشبہ حالیہ دور کے عظیم بیٹسمین ہیں، ان کا کہنا تھا کہ گابا میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اسمتھ کی سنچری ان کی صلاحیتوں اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ ان کے کیریئر کی 21 ویں سنچری تھی اور یہ کارنامہ انھوں نے57 ویں ٹیسٹ میچ میں انجام دیا۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسٹیو اسمتھ اپنے کیریئر کے دوران جدید دور کے عظیم بیٹسمین ہیں، انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اسپن آل راؤنڈر کی حیثیت سے کیا تھا لیکن ان کے کھیل میں اہم تبدیلی 2013-14 کی ایشز سیریز میں نظر آئی تھی جب انھوں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بالخصوص جوہر دکھائے۔سابق کینگرو کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اسمتھ کی بیٹنگ اوسط 61.23 ہے جو دنیا میں کسی بھی بیٹسمین کی نہیں ہے اور بلاشبہ وہ موجودہ دور کے سب سے اچھے بیٹسمین ہیں، پونٹنگ کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے کھیل کا بغور جائزہ لیا ہے، وہ دنیا کے کسی بھی اٹیک کے خلاف ہر کنڈیشن میں مرد آہن کا کردار ادا کرنے والے پلیئر بن چکے ہیں، حالانکہ ان کے شاٹس کھیلنے کا انداز دوسرے بیٹسمینوں سے مختلف ہے بالخصوص ہک، اسٹریٹ اور دیگر شاٹس ان آرتھوڈوکس قسم کے ہیں۔
رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ماضی کے 2 عظیم بیٹسمینوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو ٹنڈولکر اور کیلس جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ 15 اور 13 ہزار رنز اسکور کیے تھے، لیکن ٹنڈولکر نے 200 اور کیلس نے 150 ٹیسٹ میچز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ اسمتھ تو ابھی 57 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور ان بیٹنگ اوسط سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ مستقبل میں کیا کارہائے نمایاں انجام دیں گے تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ 100 ٹیسٹ میچز تک اسمتھ کی کارکردگی کیا ہوگی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ برسبین میں ان کی اننگز واقعی لاجواب تھی، وہ 520 منٹ تک کریز پر رہے اور ناقابل شکست لوٹے، یہ واقعی ان کی ایک قائدانہ اننگز تھی، میں سمجھتا ہوں کہ ان کی قیادت میں کینگرو ٹیم انگلینڈ کو ایشز میں وائٹ واش کرے گی۔