خبرنامہ پاکستان

اصل فیصلہ عدالت نے نہیں این اے 120 نے دیا، نواز شریف

اصل فیصلہ عدالت نے نہیں این اے 120 نے دیاہے، نواز شریف

لاہور(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ اصل فیصلہ عدالت نے نہیں این اے 120 نے دیاہے۔

الحمرا ہال لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ حلقہ این اے 120 کا ہر ووٹرمبارک باد کا مستحق ہے، دل چاہتا ہے کہ حلقے کے ہر ووٹر کو گلے سے لگاؤں کیونکہ آپ نے میرا مان رکھا ہے، اصل فیصلہ عدالت نے نہیں دیا بلکہ این اے120 کے ووٹروں نےدیا، انہوں نے انتخاب ہی نہیں جیتا بلکہ وقت کی عدالت میں حق اور انصاف کی گواہی دی ہے، لندن میں کلثوم نواز کا آپریشن ہورہا تھا اوریہاں الیکشن ہورہا تھا، مریم جہاں جہاں جارہی تھی لوگ ان پر پھول نچھاورکررہے تھے۔ یہی جذبہ سلامت رہا تو ان شاءاللہ مسلم لیگ (ن) 2018 کے الیکشن میں بھی کامیابی ہوگی اور عوام کے ووٹ کا تقدس بحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے مسلم لیگ اور میرا مان رکھا ہے، یہی جذبہ رہا تو پاکستان آگے بڑھے گا اور سازشیں ٹوٹ جائیں گی، یہ جذبہ آپ نے سلامت رکھنا ہے، آپ کے ووٹ کا تقدس بحال ہوگا، آپ کے ووٹ سے جو حکومت بنے گی وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی جو ناقابل شکست ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، آج وہ لوڈشیڈنگ کہاں گئی، آپ سے نوازشریف نے وعدہ کیا تھا ہم لوڈشیڈنگ ختم کریں گے، آج لوڈشیڈنگ آخری دموں پر ہے، کارخانوں اور گھروں میں بجلی آرہی ہے، کیا کبھی ہم سے پہلے کسی حکومت نے اس طرح اپنا وعدہ پورا کیا ہے، عوام مجھے خوش کرنے کے لیے نہیں سوچ کر بتائیں۔

میاں نوازشریف نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوتی تھیں، اب بجلی سستی ہورہی ہے، ہم نے پیٹرول سستا کیا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ہم نے کراچی کی روشنیاں بحال کیں اور ملک میں سی پیک لے کر آئے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج تک کسی حکومت نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے، ہم نے وعدہ کیا تھا لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے اور وہ وعدہ پورا کردیا، آج لوڈشیڈنگ ہچکولے کھارہی ہے، بجلی کے جو کارخانے 20، 20 سال میں لگتے تھے وہ ہم نے 20 ماہ میں لگائے لیکن مجھ پر یکایک نااہلی کی تلوار چلا دی مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لی تو نااہل قرار دیا گیا۔