خبرنامہ پاکستان

اصل لڑائی غربت کے خاتمے کے لئے لڑنی ہے ، ششی تھرور، مناکشا لیکھی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ایشیائی اسمبلی کے اجلاس میں شریک بھارتی اراکین پارلیمنٹ ششی تھرور اور مناکشا لیکھی نے کہا ہے کہ اصل لڑائی غربت کے خاتمے کے لئے لڑنی ہے‘ اجتماعی مسائل کے حل کے لئے ایشیاء کو اکٹھا ہونا ہوگا‘ سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے جس میں کمی کے لئے وسائل استعمال ہونے چاہئیں‘ اسلام آباد آکر انتہائی خوشی محسوس کررہے ہیں‘ یہاں بھی مختلف ممالک کے مندوبین سے ملنے کا موقع ملا ہے‘ موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین مسئلے کا بھی رکن ممالک کو ادراک کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں افتتاحی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ششی تھرور نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ترقی و خوشحالی کے لئے آگے بڑھیں ہم نے غربت سے حقیقی معنوں میں لڑنا ہے اصل مسئلہ غربت ہے اور ہمیں سماجی تبدیلیوں کے لئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد آکر انتہائی خوش ہوں مسائل حل ہوں گے تو علاقہ ترقی کرے گا۔ بھارتی لوک سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن مناکشا لیکھی نے کہا کہ اصل لڑائی غربت کے میدان میں لڑنا ہے کیونکہ ایشیاء میں بہت زیادہ آبادی ہے اور وسائل بھی سب سے زیادہ ہیں مگر غربت بھی سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بھی اسلام آباد آکر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کی زندگیوں کو تبدیل کرنے کے کام ہونے چاہئیں اور سب ممالک کو اس کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو بھی سنگین مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس مسئلے کا بھی ادراک کرنا ہوگا۔ مجھے خطے کا مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے اگرچہ ہمیں اسلام آباد گھومنے کا زیادہ موقع نہیں ملا مگر ہم خوش ہیں کہ ہم انتہائی اہم اجلاس میں شریک ہیں۔ (ن غ/ ا ع)