خبرنامہ پاکستان

اعتزازاحسن نےشریف خاندان کی مزید جائیدادوں کا انکشاف کردیا

اسلام آباد: (آئی این پی) اعتزاز احسن نے شریف خاندان کی بیرون ملک مزید جائیدادوں کا انکشاف کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا حسین نواز نے 42.50 ملین پاؤنڈ کی برطانیہ میں ون ہائیڈ پارک میں پراپرٹی کا سودا کیا ہے ، ڈیل کی دستاویزات بھی حاصل کر لیں ۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ لوگوں کی بھول ہے کہ پاناما لیکس کا معاملہ دب جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے 42.50 ملین پاؤنڈ کی برطانیہ میں ون ہائیڈ پارک میں پراپرٹی کا سودا کیا ہے ، ڈیل کی دستاویزات بھی حاصل کر لیں ۔ یہ پراپرٹی مے فیئرز اپارٹمنٹ سے بھی زیادہ مہنگی ہے ، ہمارے پاس اس ڈیل کی دستاویزات بھی آچکی ہیں ۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے، یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ رینجرز نے ڈرائی کلیننگ کی فیکٹری لگا رکھی ہے ، جو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے ڈرائی کلین ہو کر واپس آتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا فاروق ستار اور آصف حسنین کے معاملہ میں بھی ایسا ہی ہوا ، فاروق ستار رینجرز تحویل میں لئے جانے سے پہلے قائد سے لاتعلقی کا بیان دیتے تو اس کا زیادہ فائدہ ہوتا ۔ ایم کیو ایم اب بھی بعد از قائد نہیں ہوئی ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ برطانیہ میں متحدہ قائد کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت پاکستان کو خود رابطہ کرنا ہو گا ، متحدہ کے غیر قانونی دفاتر ضرور مسمار کئے جائیں مگر قانونی دفاتر کیخلاف کارروائی نہ کی جائے ۔