خبرنامہ پاکستان

افغانستان اور خطے میں کئی دہشتگرد گروپ موجود ہیں، پاکستان

افغانستان اور خطے میں کئی دہشتگرد گروپ موجود ہیں، پاکستان
دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان اور خطے میں کئی دہشت گرد گروپ موجود ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کی افغانستان میں موجودگی امن کے لئے خطرہ ہے۔

برکس اعلامیے پر ردعمل کے طور پر دفتر خارجہ پاکستان سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو جنوبی ایشیا اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے پر تشویش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان، داعش اور جماعت الاحرار جیسی کئی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں موجود ہیں اور ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو انتہا پسندی اور عدم برداشت سے خطے میں اقلیتوں کو درپیش خطرات پر تشویش ہے۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے برکس سربراہ اجلاس کا اعلامیہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔
وزیر دفاع خرم دستگیر نے برکس سربراہ اجلاس کے اعلامیے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں اور ہم برکس سربراہ اجلاس کے اعلامیہ کو مسترد کرتے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کے دوران بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان میں نہیں افغانستان میں ہیں، افغانستان کے 407 میں سے صرف 60 اضلاع پر افغان فورسز کا کنٹرول ہے، دہشتگرد تنظیم داعش کے معاملے پر پاکستان اور امریکا ایک ہیں۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے بتایا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف چار اہم ممالک چین، روس، ترکی اور ایران کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ امریکا جائیں گے، پاکستان نے کامیاب آپریشنز کیے جو امریکا، عراق اور افغانستان میں نہ کرسکا مگر عالمی برادری نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے تحت کارروائیوں کو تسلیم نہیں کیا۔