خبرنامہ پاکستان

افغانستان سے بازیاب 17 پاکستانیوں کو رشتے داروں کے حوالے کردیا گیا

افغانستان سے بازیاب 17 پاکستانیوں کو رشتے داروں کے حوالے کردیا گیا

خیبر ایجنسی:(ملت آن لائن) افغانستان سے بازیاب ہونے والے 17 پاکستانیوں کو ان کے رشتے داروں کے حوالے کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق خیبرایجنسی میں حکام نے افغانستان کے صوبہ ننگرہار سے بازیاب کرائے گئے 17 پاکستانیوں کو ان کے رشتے داروں کے حوالے کردیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے 5 ماہ قبل ستمبر 2017ء میں ان 17 افراد کو خیبرایجنسی کے شہر لنڈی کوتل سے اغوا کرکے افغانستان کے صوبہ ننگرہار منتقل کردیا تھا۔ خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نیاز محمد نے وائس آف امریکا کو بتایا کہ ان افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا لیکن یہ لوگ غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے اور متعدد جرگوں اور قبائلی عمائدین کی مداخلت پر ان کی بازیابی عمل میں آئی۔

……………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…کوئٹہ میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد
کوئٹہ: شمال مغربی بلوچستان میں گزشتہ رات سے جاری ہلکی بارش نے موسم کو مزید سرد کردیا ہے اور اس کے اثرات سندھ کے ساحلی علاقوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ مغرب کی سمت سے بارش اور برف باری کا نیا سسٹم بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، جس کے باعث کوئٹہ اور گرد و نواح سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمایت کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ اتوار کو کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جب کہ مالاکنڈ، بنوں، کوئٹہ، ژوب ڈویژن اور فاٹا میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
کراچی میں بارش
اس کے علاوہ اتواور اور پیر کے روز اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روزامکان ظاہرکیا تھا کہ کراچی میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔