خبرنامہ پاکستان

افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں:ڈیو ڈ ہیل

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘ پاکستان امریکہ سٹریٹیجک مذاکرات کے تحت چھ ورکنگ گروپس قائم ہیں‘ افغانستان میں امن و ترقی اور استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے‘ افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے تسلسل سے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں۔ وہ جمعرات کو امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جوہری سلامتی کے اجلاس کے موقع پر صدر اوباما سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ صدر اوباما سے دو طرفہ امور پر مفید بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ گزشتہ دورہ امریکہ میں فیصلوں سے تعلقات کو نئی جہت ملی۔ پاکستان امریکی سٹریٹیجک مذاکرات کے تحت چھ ورکنگ گروپس قائم ہیں۔ ورکنگ گروپس کامیابیوں کی نشاندہی اور اہداف مقرر کرنے میں معاون ثابت ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن و ترقی اور استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے تسلسل سے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں۔ اس موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ چار ملکی فورم سے افغانستان میں امن کی بحالی میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ (ن غ)