خبرنامہ پاکستان

افغانستان میں داعش کی موجودگی خطرہ ہے، پاکستان

افغانستان میں داعش کی موجودگی خطرہ ہے، پاکستان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردوں کے منظم گروپوں کے خاتمے کیلیے جامع آپریشن کیا تاہم افغانستان میں داعش اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی موجودگی خطے کیلیے خطرہ ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ دہری شہریت والے ملازمین کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی اور فیملیز کی دہری شہریت کی معلومات جلد عدالت کو مہیا کر دی جائیں گی۔ ترجمان نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں داعش اوردیگر دہشت گرد گروپوں کی موجودگی خطے کیلیے خطرہ ہیں، پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردوں کے منظم گروپوں کے خاتمے کیلیے جامع آپریشن کیا، خطے میں امن کیلیے اپنا بھرپورکردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ امریکا کے ساتھ برابری کے تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور امریکا دونوں افغانستان میں امن کے خواہ ہیں، سیکریٹری خارجہ کا دورہ امریکا اس بات کی دلیل ہے، بھارت کی ایل او سی پر آئے روز خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا مسئلہ پرامن بات چیت اور سفارتی طریقے سے حل کیا جائے، بھارت نے 2018 میں 418 مرتبہ سے زائد لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جس میں 18 افراد شہید، 61 زخمی ہوئے، کشمیر کے مسئلے سے پیچھے ہرگز نہیں ہٹ سکتے۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مزید 8 کشمیریوں کوشہید کیا جبکہ معصوم کشمیریوں کی شہادت اور یاسین ملک کی غیرقانونی حراست کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر ایران کے عالمی عدالت جانے کی کوئی اطلاع نہیں،بریفنگ میں بتایا گیاکہ شام کے شہر حوطہ میں پھنسے پاکستانی جوڑے کو وہاں سے نکالا ہے، حوطہ میں موجود مزید پاکستانیوںکی موجودگی کا علم نہیں، تمام فریقین سے کہیں گے کہ شام کا معاملہ پرامن طریقے سے حل کریں، یورپی یونین نے آسیہ بی بی سے متعلق کوئی دھمکی نہیں دی ہے اور پاکستان کو یورپی یونین سے میسر جی ایس پی اسٹیٹس آسیہ بی بی سے منسلک نہیں ہے۔