خبرنامہ پاکستان

افغانستان میں غیرریاستی دہشت گرد عناصر کی موجودگی پر تحفظات ہیں، پاکستان

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزورمذمت کرتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے صحافیوں کو ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری قوم کی بھرپور حمایت کرتا ہے، ملیحہ لودھی پاکستان کوخطے میں درپیش چیلنجزاجاگر کرتی رہتی ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزورمذمت کرتا ہے، بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیرکے لوگ بین الاقوامی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، دنیا کے کئی ممالک نے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم پرتحفظات کا اظہارکیا جب کہ یورپ اورامریکا میں سول سوسائٹی اوراراکین پارلیمان نے آوازبلند کی اورمغربی میڈیا نے کشمیریوں کی حالیہ تحریک کو مثبت اندازمیں اجاگر کیا، ترک صدر نے پارلیمان سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ یاسین ملک، علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے مشترکہ بیان جاری کیا، حریت رہنماؤں نے کہا کشمیری قوم ابھی تک ڈٹی ہوئی ہے، حریت رہنماؤں کے مطابق جدوجہد تحریک کو آگے لے گئی، حریت رہنماؤں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے فتح ہماری ہوگی، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ابترصورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جب کہ پاکستان بھارت کیساتھ کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتا اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پرپاکستان اپنا ردعمل دے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزارجانوں کی قربانیاں دیں، این ایس جی میں پاکستان کی رکنیت کی سنجیدہ کوشیشوں کو دیگر ممالک نے سراہا، ہم نے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے ایجنڈے کے حوالے سے عملی کوششیں کیں، خطے میں قیام امن کے لیے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں غیرریاستی عناصرکی موجودگی پر تحفظات ہیں، افغانستان میں داعش کے پھیلاؤ اور طالبان کی سرگرمیوں سے آگاہ ہیں، وزیراعظم نے عبد اللہ عبد اللہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، باہمی مشاورت سے دورے کی تواریخ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا ایٹمی ڈاکٹرائن پر بیان دوہرے معیارات کا عکاس ہے۔ دفترخارجہ نے کہا کہ نائجیریا میں فورسز کے ہاتھوں 100 سے زائد مسلمانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، نائجیریا میں شہید ہونے والے مسلمان ہوں یا غیرمسلم، قتل عام افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی فائیو ممالک کو بارہاجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر اعتماد میں لیا، 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا بھارت کو احترام کرنا چاہیے، اسکولوں کے ترک ملازمین کے حوالے سے میڈیا میں افواہیں گردش کر رہی ہیں، ترکی نے پاک ترک اسکولوں کی آبائی تنظیم پر پابندی لگائی جب کہ پاکستان کو اپنے قوانین کے تحت کارروائی کرنا پڑی.