خبرنامہ پاکستان

افغانستان کی روایتی ہٹ دھرمی

کابل(آئی این پی)افغان حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ کی افغانستان میں موجودگی سے انکار کر تے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کے پاکستانی مطالبے کو مسترد کردیا ۔افغان میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کونسل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے طالبان رہنما ملا فضل اللہ کو افغانستان میں نشانہ بنانے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے ۔ قومی سلامتی کونسل کے ترجمان تواب غورزانگ نے کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہملا فضل اللہ کی افغانستان میں موجودگی تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ ملا فضل اللہ اور دیگر طالبان رہنما پاکستان ہی میں موجود ہیں، پاکستان چارفریقی گروپ کے معاہدے پر عمل کرتے ہوئے اپنی سرزمین پر افغان طالبان اور ملا فضل اللہ کے خلاف کارروائی کرے۔انکا کہنا تھاکہ تحریک طالبان پاکستان ،القاعدہ ،طالبان،لشکر طیبہ اور دیگر دہشتگرد گروپ افغانستان اور خطے کیلئے خطرہ ہیں۔غورزانگ نے مزید کہاکہ افغانستان سمجھتا ہے کہ الزام تراشیوں کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہونگے ،بہتر یہی ہے کہ چار فریقی گروپ کے معاہدے کے تحت کاروائی کی جائے اور پاکستانی سرزمین پر افغانستان کے خلاف کام کرنے والے دہشتگرد گروپوں کو نشانہ بنایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان حکومت سے ملا فضل اللہ اور دیگر طالبان رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔