خبرنامہ پاکستان

افغانستان کی 18اگست کے واقعے پرتحریری معذرت

افغانستان:اے پی پی) افغانستان میں باب دوستی کے مقام پر پاکستان مخالف نعروں پر افغان حکام نے تحریری معذرت کرلی، جس کے بعد پاکستانی حکام نے 14 روز بعد کل سے باب دوستی کھولنے کا اعلان کردیا ۔ باب دوستی کھولنے سے متعلق پاک افغان سرحدی وفود کے درمیان 5ویں فلیگ میٹنگ کا انعقادہوا، پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیز نے کی جبکہ افغان سرحدی فورسز کی نمائندگی کرنل محمد علی نے کی۔ افغان حکام نے 18اگست کو باب دوستی کے مقام پر پاکستان مخالف نعروں پر تحریری معذرت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا،اس میں ملوث عناصر پاکستان و افغانستان کے دشمن ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کےلئے آئندہ پاک افغان فورسز مل کر کام کریں گے ۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد چنگیز نے کہا کہ افغان حکام کا واقعے پر معذرت اہم پیشرفت ہے۔ اتفاق رائے کے بعد باب دوستی کل صبح 8 بجے سے معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔