خبرنامہ پاکستان

افغانوں کے کارڈزپر مدت میعاد درج کرنے کا فیصلہ

افغانوں کے کارڈز پر مدت میعاد درج کرنے کا فیصلہ.
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان نے افغان سٹیزن کارڈز پر استعمال کی مدت میں خاتمے کی تاریخ کے اندراج کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے وزارت سیفران کو غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے کارڈز پر استعمال کی مدت کے خاتمے کا ذکر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اعلیٰ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے کارڈزکے خاتمے کی تاریخ اجرا کے بعد مدت 4 ماہ ہوگی، اس وقت ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی 3 لاکھ سے زائد درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کیلیے 3 لاکھ کارڈز پرنٹ کیے گئے تھے جس پرکارڈ کے مدت کے خاتمے کی تاریخ کا اندراج نہیں تھا۔
غیر رجسٹرڈ مہاجرین کیلیے پرنٹ کارڈزکو ضائع ہونے سے بچانے کیلیے نادرا سے مدد لی جائے گی جس کے تحت ایک مہر کے ذریعے کارڈ پر خاتمے کی تاریخ پرنٹ کی جائے گی، مقررہ عرصہ گزرنے کے بعد کارڈز ناکارہ اور مہاجرین کو غیر قانونی تصورکیا جائے گا جبکہ غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کے خلاف سخت ایکشن بھی متوقع ہے،اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ہائی کمیشن نے موسم سرما میں یکم دسمبر سے 3 ماہ کیلیے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل معطل کر رکھا ہے، وطن واپسی کا عمل یکم مارچ 2018 سے شروع ہوگا۔