خبرنامہ پاکستان

افغان حکومت، طالبان پر شرائط نہیں لگا سکتے: سرتاج عزیز

اسلام آباد (اے پی پی)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان پر کوئی شرائط نہیں لگا سکتے انہیں اپنے مذاکرات خود کامیاب بنانا ہوںگے۔ آن لائن کے مطابق جناح انسٹی ٹیوٹ میں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا افغانستان میں پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈا پر تحفظات ہیں، پاک افغان سرحد پر مانیٹرنگ کا جامع نظام نصب کرنے کی ضرورت ہے جس سے دہشت گردوں کو روکا جائے گا، افغانستان میں قیام امن کے لئے افغان حکومت یا کسی اور گروہ کو ڈکٹیٹ یا ان کو بات چیت شروع کرنے کے لئے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیا کے پورے خطے کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ افغان طالبان حکومت میں براہ راست مذاکرات کے لئے کوشاں ہیں۔ افغان امن مذاکرات کے بارے میں تمام فریقین مذاکرات پر متفق ہیں، پاکستان ان مذاکرات میں سہولت کار ہے چین اور امریکہ کی مدد سے افغان امن مذاکرات کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جو گروپس بات چیت کے عمل میں شامل نہیں ہونا چاہتے ان عناصر سے کس طرح نمٹا جا سکتا ہے اس حوالے سے بھی کیو سی جی فیصلہ کرے گا۔ افغانستا ن میں امن و امان بحال ہو گا تو خطے میں امن وسلامتی ہوگی۔ افغان سرحد کی حفاظت کے لئے نیا ایس او پی بنایا جا رہا ہے۔ افغانستان کے پاکستان میں سفیر عمرزا خیلوال نے خطاب میں کہا جب تک افغانستان میں امن نہیں ہو گا تب تک پاکستان میں بھی امن نہیں ہو گا۔ دونوں ممالک کو چیلنجز کا سامنا ہے، بات چیت کرنی چاہئے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ کی صدر نے کہا افغانستان میں بات چیت کے ذریعے مسئلہ کا پائیدار حل ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تجارت اور راہداری کے لئے ایک دوسرے کا تعاون درکار ہے ۔