خبرنامہ پاکستان

افغان مہاجرین کی واپسی نہایت ضروری: ممنون حسین

اسلام آباد: (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی نہایت ضروری اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کا جزو لاینفک ہے، بین الاقوامی برادری اس مقصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرانڈی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے پاکستان میں یو این ایچ سی آر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے ساتھ ملک سے تمام افغان مہاجرین کی جلد واپسی کے ان کے ترجیحی مقصد کے بارے میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر مہاجرین کے کاز کے حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ سے اپنی سرزمین پر لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتے ہوئے اس حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ مہاجرین کی مغرب کی طرف وسیع پیمانے پر ہجرت کے نتیجے میں اب مہاجرین کے مسئلہ کی جہتوں اور نوعیت کے بارے میں بہتر افہام و تفہیم اور احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ افغان مہاجرین کی میزبانی سے سیاسی، سماجی و اقتصادی، سلامتی اور ماحولیاتی نتائج سے منسلک پاکستان کی قربانیوں کو اب مغربی دنیا کو بہتر طور پر سراہنا چاہئے۔ صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے جائز توقع رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لعنت سے نبرد آزما ہونے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ پوری دنیا میں امن و استحکام پیدا ہو اور دنیا کے تمام حصوں میں مہاجرین کے بحران ختم ہوں۔ اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے بہت بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے میں پاکستان کے تعاون کرنے پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرتے ہوئے ان کے دیرینہ مسئلہ کے حل کے لئے کوشش کرے گا۔ صدر نے فلیپو گرانڈی کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی حیثیت سے تقرری پر مبارکباد دی۔