خبرنامہ پاکستان

افغان مہاجرین کی وطن واپسی تک دہشتگردی ختم نہیں ہوگی: مسعود مجید

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مسعود مجید نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی تک دہشتگردی ختم نہیں ہو گی، نادرا قومی شناختی کی تصدیق کے عمل کو تیز کرے، طورخم بارڈر پر مانیٹرنگ کا سخت سے سخت نظام ہونا چاہیے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد میں افغان مہاجرین قیام پذیر ہیں جن میں سے کئی ملک میں مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک افغان مہاجرین ملک میں قیام پذیر ہیں اس وقت تک دہشتگردی ختم نہیں ہو سکتی۔بعض علاقوں میں افغان مہاجرین کی جانب سے نادرا سے قومی شناختی کارڈ بنانے کی اطلاعات بھی ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کا دوبارہ حکم دے کر بہت اچھا کام کیا ہے اب نادرا قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے عمل کو تیز کرے تا کہ جعلی طریقہ سے بنائے گئے شناختی کارڈ منسوخ کئے جا سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بارڈر پر مانیٹرنگ کا نظام سخت سے سخت کیا جائے تا کہ کوئی غیرقانونی طور پر ملک میں داخل نہ ہو سکے۔