خبرنامہ پاکستان

اقتدار ملا تو پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم کر دوں گا :عمران خان

عمران خان کے خلاف

اقتدار ملا تو پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم کر دوں گا :عمران خان
عوام ووٹ اسکو دیں جن کا جینا مرنا پاکستان ہے ،ٹکٹوں کی تقسیم عذاب تھا ‘ اہلیہ نے کہا آپکو 3ہفتوں میں بوڑھا ہوتے دیکھا ایف بی آر کو ٹھیک کرکے 8ہزار ارب اکٹھے کرکے دکھائوں گا، خطاب ، عبدالغفور میو کو فون ،پارٹی میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد (ملت آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کواللہ تعالی نے اپنی اور ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ملکی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ، مخالف کو کمزور نہ سمجھیں ۔25جولائی کو اقتدار ملا تو پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم کردینگے ،عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ، سکول اوریونیورسٹیاں بنائیں گے ، ہسپتال میں مفت علاج ہوگا ،عوام ووٹ اس کو دیں جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ، ملک گزشتہ دور میں 27 ہزار ارب روپے کا مقروض ہو گیا ہے ۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اس وقت دو پاکستان بنے ہوئے ہیں ایک ان کا پاکستان ہے جو طاقتور ہیں اور دوسرا غریب کا پاکستان ہے ،نوازشریف اور زرداری جیسے طاقتور لوگ باہر جاکر علاج کراسکتے ہیں غریب کے بچے کے پاس علاج اور تعلیم کیلئے پیسہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور زرداری کے 300ارب روپے بچوں کے نام پر باہر پڑے ہیں جبکہ نوازشریف اب بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ظلم ہورہا ہے اس کے باوجود وہ روتے پھررہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف صرف دو سوالوں کے جواب دے دیتے تو پاناما کیس ختم ہوجاتا تھا کہ پیسہ کیسے بنایا اور کہاں گیا؟مگر یہ طاقتور لوگ ہیں یہ بڑے بڑے وکیل کرکے کیس لڑ سکتے ہیں جبکہ جیلوں میں آدھے قیدی ایسے پڑے ہیں جنہوں نے معمولی چوری کی اور ان کے پاس وکیل کیلئے پیسے نہیں ، میرے اوپر بھی 32ایف آئی آرز جھوٹی درج کرائی گئی ہیں جب میرے جیسے شخص کا اس ملک میں یہ حال ہے تو غریب کا کیا حال ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ پہلے نوازشریف علاج کیلئے لندن گئے ، پھر اسحاق ڈار چلا گیا اور ایسے لگتا تھا جیسے ڈار ابھی اللہ کو پیارا ہونے والا ہے ، مجھے تو بستر پر پڑے اسحاق ڈارکی شکل دیکھ کر ترس آنے لگا کہ بیچارہ ابھی جانے لگا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کلثوم نواز بھی علاج کیلئے لندن میں ہیں ،شہبازشریف اور اس کی بیٹی کا داماد سکول ٹیچر ہے وہ بھی باہر علاج کے لئے چلے گئے ہیں ، آصف زرداری بھی اسی طرح جہاز پکڑتا ہے اور دبئی علاج کیلئے چلا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دارالحکومت اسلام آباد کے ہسپتالوں میں یہ حال ہے کہ یہاں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں تو باقی پاکستان کا کیا حال ہو گا ، کراچی میں تو پانی کا تماشا لگا ہوا ہے ، اسلام آ باد میں بھی پانی نہیں مل رہا ۔عمران خان نے کہاکہ دس سال قبل ڈالر ساٹھ روپے کا تھا اور آج ڈالر 125روپے کا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دس سال پہلے پاکستان پر چھ ہزار ارب روپے قرضہ تھا مگر زرداری اور نوازشریف کے کارناموں کی وجہ سے 27ہزار ارب روپے قرضہ پاکستان پر چڑھ گیا ہے ،نوازشریف نے موٹروے بنائی جو دوگنا قیمت پر بنی اور آدھا پیسہ اپنی جیبوں میں بھرا۔ان لوگوں نے صرف کرپشن کی ہے ان سے بہتر مشرف کا دور تھا کم ازکم اس میں سرمایہ کاری تو آئی ۔حسن شریف 600 کروڑ روپے کے محل میں رہتا ہے جو قوم کو مقروض کرکے خود امیر ہو گئے ہیں جبکہ شہبازشریف نے 600ارب روپے کا ہر سال ڈویلپمنٹ بجٹ کھایا۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل دئیے ہیں اگر ہم پولیس ، نیب ، ایف بی آر اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کو ٹھیک کردیں، اپنے اخراجات کم کریں ، پروٹوکول نہ لیں تو بہت پیسہ بچ سکتا ہے اور اگر ہمیں 25جولائی کو اقتدار ملا تو عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اللہ نے مجھے موقع دیا تو میں ایف بی آر کو ٹھیک کرکے 8ہزار ارب روپے اکٹھے کرکے دکھائوں گا ، ایف آئی اے کو زبردست ادارہ بنائوں گا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے سارے ملک میں درخت لگائیں گے ،اگر اللہ نے 25جولائی کو موقع دیا تو اسی موسم بہار میں پورے ملک میں درخت لگانے کی مہم شروع کردیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کی تقسیم سب سے مشکل مرحلہ تھا جو کسی عذاب سے کم نہیں تھا اور اس دوران بشریٰ بی بی نے مجھے کہا آپ کو ان تین ہفتوں میں بوڑھے ہوتا دیکھا ہے ، 45ہزار ٹکٹوں کی درخواستیں آئی تھیں جن کے بارے میں فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا ہر کوئی چاہتا تھا کہ اسے ٹکٹ ملے ،ہم نے ٹکٹ ان کو دیا جو آگے جاکر قانون سازی سمیت حکومت کے مختلف امور میں جانفشانی سے کام کر سکیں۔ عمران خان کل بنوں میں جلسے سے خطاب کرینگے ۔ دوسری طرف عمران خان نے مسلم لیگ ن کے باغی سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور میو سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔عمران خان کا کہنا تھا آپ کی پریس کانفرنس سنی، آپ بہادر آدمی ہو۔ چوہدری عبدالغفور میو نے عمران خان کے فون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا عمران خان کا فون آیا ہے ، انہوں نے اگلے ہفتے گھر آنے کا کہا ہے ۔