خبرنامہ پاکستان

اقتصادی راہداری منصوبوں پر چین 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے: نواز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبوں پر چین 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، علاقائی رابطوں اور اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، حکومت بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اقدامات کی بدولت 2018تک بجلی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ٹی رابرٹو ایز یویدو نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، وزیراعظم کے وژن سے سیاسی استحکام میں مدد ملے گی۔ پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈی جی نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ علاقائی رابطوں اور اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبوں پر چین 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، منصوبے سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خطے میں تجارت بڑھے گی، اقتصادی راہداری سے خطے کے کروڑوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہو گا پاکستان تجارت سے متعلق قوانین کو بہتر بنا رہا ہے، ملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے اقتصادی استحکام پیدا ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، انہی اقدامات کی بدولت 2018 تک بجلی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گرد بھاگ رہے ہیں، کراچی سمیت بڑے شہروں میں امن و امان بحال ہو چکا ہے۔ ڈائریکٹرجنرل ڈبلیو ٹی او رابرٹو ایز یویدو نے خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور نواز شریف کے اقتصادی وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے بہتر ملک ہے، وزیراعظم کے وژن سے سیاسی استحکام میں مدد ملے گی۔(اح)