خبرنامہ پاکستان

اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان چین کے تعلقات کونئی جہت کی جانب لے جا رہا ہے: پرویزرشید

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت کی جانب لے جا رہا ہے،تصویری نمائش پاکستان کے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کو 65 سال مکمل ہونے پر ایک پیغام ہے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں نمل یونیورسٹی میں تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے ون بیلٹ ون روڈ تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔تصویری نمائش کا اہتمام چینی سفارتخانہ اور ننگڑیہ اسلام دوست تنظیم کی جانب سے کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ تصویری نمائش پاکستان اور چین کی لازاول دوستی کی عکاس ہے،تصویری نمائش پاکستان کے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کو 65 سال مکمل ہونے پر ایک پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ننگڑیہ اسلام دوست تنظیم کو چین کی سوسائٹی میں برداشت اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تصویری نمائشیں عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لئے معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت کی جانب لے جا رہا ہے۔(اح+رڈ)