خبرنامہ پاکستان

اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے گیم چینجر، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے اقتصادی راہداری منصوبہ صرف پاکستان کیلئے گیم چینجر ہی نہیں بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گا،منصوبے سے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی،اقتصادی راہداری سے غربت ،بے روزگاری اور پسماندگی کا خاتمہ ہوجائے گا،پاکستان اور چین کی گہری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری،پاکستان اور چین نے ہر فوم پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی۔جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے چینی گروپ ایس ای پی /ایس پی آئی سی کے چیئرمین واند یندان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کی صورتحال سمیت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی گہری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی باہمی اعتماد اور ایمان داری پر مبنی ہے،پاکستان اور چین نے ہر فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعلقات ہیں اور اقتصادی راہداری منصوبہ صرف تزویراتی معاہدہ ہی نہیں بلکہ دوستی کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مل کر خطے میں امن اور استحکام لاسکتے ہیں۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ صرف گیم چینجر ہی نہیں بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں امن و خوشحالی آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری غربت ،بے روزگاری اور پسماندگی کے خاتمے کا منصوبہ ہے۔اس موقع پر چینی گروپ ایس ای پی کے چیئرمین واند یندان نے وزیراعظم میاں نوازشریف کی جانب سے شاندار استقبال کرنے اور پاکستان میں بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیاں قابل تعریف ہیں،موجودہ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان میں معیشت بحال ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تکمیل کیلئے حکومت کا عزم قابل تعریف ہے۔(خ م)