خبرنامہ پاکستان

اقتصادی راہداری پورے خطےکی تقدیربدل جائے گی: نواز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے خطے کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی، چین کے تعاون سے پاکستان کو بڑی صنعتوں کے قیام میں مدد ملی، مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ وہ بدھ کو ملاقات کرنے والے چینی وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت چائنہ ایروسپیس سائنس کارپوریشن کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وی پی ین نے کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے دفاعی پیداوار اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاک چین تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اصولوں اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں، دونوں ملک مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار میں چین کا پاکستان سے غیر معمولی تعاون قابل تعریف ہے، دونوں ملکوں کے قریبی اور طویل تعلقات تاریخی ہیں، چین کے تعاون سے پاکستان کو بڑی صنعتوں کے قیام میں مدد ملی، مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات کا عکاس ہے، منصوبے سے پورے خطے کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی منصوبے پر پاکستان کی حکومت اور عوام چینی قیادت کی شکرگزار ہے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چائنہ ایروسپیس سائنس کارپوریشن کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وی پی ین نے وزیراعظم نواز شریف کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے، اقتصادی راہداری سے پاکستان کے عوام کو معاشی و اقتصادی فواعد حاصل ہوں گے، اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین مزید قریب آئیں گے، ملاقات میں چینی وفد نے گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔(اح)