خبرنامہ پاکستان

اقتصادی رہداری کے مغربی روٹ پر کام نہ ہونے کا تاثر درست نہیں

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے پاکستان پرائیوٹ کوریئر ریگولیٹری اتھاری بل کا جائزہ لینے کیلئے انجینئر عثمان خان ترکئی کی کنونیئر شپ میں4رکنی ذیلی کمیٹی قائم کر دی جو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی،چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک چین اقتصادی رہداری کے مغربی روٹ پر کام نہ ہونے کا تاثر درست نہیں ، مغربی روٹ کے مختلف سیکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے، این ایچ اے اتنا کام کر رہا ہے جتنا پچھلے 15 سال میں نہیں کیا گیا،اس وقت پانچ موٹرویز کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے،کراچی حیدر آباد موٹروے مکمل ہونے کے قریب ہے،برہان سے حویلیاں موٹروے اگست تک جبکہ برہان تا مانسہرہ موٹروے 2018 میں مکمل ہو گی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرمین مزمل قریشی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں ممبران کمیٹی ایم این اے نجف عباس سیال، سردار جعفر خان لغاری،سرزمین خان، رمیش لعل ، سلیم رحمان، انجینئر حامد الحق خلیل، مولانا قمر الدین، صاحبزادہ طارق اللہ، نسیمہ حفیظ،عثمان خان ترکئی، بل کی محرک بیلم حسنین، وزارت مواصلات ، قانون و انصاف اور این ایچ اے کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں’’ پاکستان پرائیوٹ کوریئر ریگولیٹری اتھارٹی بل2015‘‘، نیشنل ہائی وے50پر منحنی خطوط اور شورکوٹ ۔گڑھ مہاراجہ بریج کے معاملات زیر بحث آئے۔ چیئرمین کمیٹی مزمل قریشی نے پاکستان پرائیوٹ کوریئر ریگولیٹری اتھارٹی بل کا جائزہ لینے کیلئے انجینئر عثمان خان ترکئی کی کنونیئر شپ میں ذیلی کمیٹی قائم کر دی، ذیلی کمیٹی میں ایم این اے نذیر احمد، چوہدری خالد جاوید وڑائچ، سلیم رحمان اور بل کی محرک بیلم حسنین شامل ہوں گی، کمیٹی بل کا جائزہ لے کر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔سیکرٹری مواصلات نے کمیٹی کو بتایا کہ خضدار سے شہدادکوٹ سڑک کا افتتاح مارچ میں کرنے جارہے ہیں، وزیر اعظم جنوری کے وسط میں کراچی حیدر آباد موٹروے کا افتتاح کریں گے۔چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حسن ابدال سے لے کر ڈی آئی خان تک این 5 کو 4رویہ بنایا جائے گا، چائینہ نے بھی منصوبے کی منظوری دے دی ہے،منصوبے کی فنڈنگ سی پیک کے فنڈز سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے اتنا کام کر رہا ہے جتنا پچھلے 15 سال میں نہیں کیا گیا،اس وقت پانچ موٹرویز کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے،کراچی حیدر آباد موٹروے مکمل ہونے کے قریب ہے،برہان سے حویلیاں منصوبہ اگست تک مکمل کر لیا جائے گا، برہان تا مانسہرہ منصوبہ 2018 میں مکمل ہو گا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اقتصادی رہداری کے مغربی روٹ کے ڈیرہ اسماعیل خاں تا ہکلہ اور تھاکوٹ تاحویلیاں سیکشن اور پنڈی گھیب موٹروے پر کام کی ڈرون کیمرے سے لی گئی فوٹیج بھی پیش کی گئیں۔چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی رہداری کے مغربی روٹ پر کام نہ ہونے کا تاثر درست نہیں ، مغربی روٹ کے مختلف سیکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ڈیرہ اسماعیل خاں تا ہکلہ 4رویہ موٹروے کا منصوبہ ہے جس کی مجموعی لمبائی285 کلومیٹر ہے ، موٹروے کو 5 سیکشن میں تقسیم کیا گیا ہے ،4سیکشنز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھاکوٹ تا حویلیاں سیکشن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے،ایبٹ آباد کو بائی پاس کرنے کیلئے شملہ پہاڑی پر ٹنل تعمیر کیا جا رہا ہے، یہ تمام منصوبے اپریل 2018تک مکمل ہو جائیں گے۔(ار)