خبرنامہ پاکستان

اقربا پروری والی نہیں 1984 والی ایم کیو ایم بنائیں گے، فیصل سبزواری

اقربا پروری والی نہیں 1984 والی ایم کیو ایم بنائیں گے، فیصل سبزواری

کراچی:(ملت آن لائن) رکن سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی ممبر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ اقربا پروری والی نہیں 1984 والی ایم کیو ایم بنائیں گے، تنظیم کو آگے لے کر جانا ہے تو پھر اصول کی بات ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے نشترپارک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ 5 فروری کے بعد سے آج تک ایک ایک قدم پھونک پھونک کر اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ناعاقبت اندیشوں کی وجہ سے ہم خوشی کا دن دو جگہ منارہے ہیں، افسوس ہے ہمارے کچھ ساتھی اصول اور ضابطے کو نہیں مان رہے، تنظیم کو آگے لے کر جانا ہے تو پھر اصول کی بات ہوگی۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ آج نشتر پارک میں ہر شخص تنظیم کے نام اور پرچم تلے جمع ہوا ہے، نشترپارک میں 1984 کے کارکنان بھی موجود ہیں، سازشوں کے باوجود کارکنان پہلے کی طرح منظم بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی روایت ہے پیسے کے بدلے نہیں کارکردگی پر عہدے دئیے جاتے ہیں، ہم گروہ بندی کرنے والوں کو تنظیم سے نکال باہر کرتے تھے۔
مخالفین نے کراچی میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں: خواجہ اظہار الحسن
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آج 2 مقامات پر یوم تاسیس منایا جارہا ہے، جب تک دونوں ایم کیو ایم کا پرچم تھامے ہیں کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، مخالفین نے کراچی میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں انہوں نے کہا کہ سردار احمد پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان سے گزارش ہے کہ ثالثی کا کردار ادا کرتے رہیں، مجھے بھی سید سردار احمد کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔