خبرنامہ پاکستان

اقوام متحدہ شوپیاں میں نوجوانوں کے قتل عام کی تحقیقات کرائیں، صدر آزاد جموں و کشمیر

اقوام متحدہ شوپیاں

اقوام متحدہ شوپیاں میں نوجوانوں کے قتل عام کی تحقیقات کرائیں، صدر آزاد جموں و کشمیر

مظفرآباد:(ملت آن لائن) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے شوپیاں میں 20 معصوم کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے دہشت گرد بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی پرزور اپیل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزراء خواجہ آصف، برجیس طاہر، مشاہد اللہ خان، چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن اور حریت کے سینئر رہنماؤں جس کی قیادت غلام محمد صفی اور فیض نقشبندی کر رہے تھے، کے ساتھ سپیکر آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر کے آفس چیمبر میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا۔ صدر مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ شوپیاں میں 20 معصوم نوجوانوں کے سرعام اور بے دریغ قتل عام کی مکمل طور پر تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کیلئے مقرر فوجی مبصر گروپ کی رپورٹس کو سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک میں تقسیم کیا جائے تاکہ بھارت کا مجرمانہ و مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو سکے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کیلئے خصوصی مندوب مقرر کیا جانا چاہئے اور بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈکراس سے رابطہ کرنا چاہئے تاکہ انہیں اس سلسلہ میں متحرک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ یکجا ہوکر کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے غیر مسلح اور معصوم کشمیریوں کے قتل عام، خواتین کی عصمت دری اور بے حرمتی، نوجوانوں اور حریت رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور دوران حراست ہلاکتوں اور نوجوانوں کی گمشدگیوں، گمنام قبروں کی دریافت سے متعلق بین الاقوامی برادری اور مقتدر حلقوں کو اپنے جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہ کرنا ہو گا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ ہمیں پاکستان و کشمیری تارکین وطن کمیونٹی کی مدد سے بین الاقوامی سطح پر مختلف پارلیمنٹس اور فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھانا چاہئے، مودی عالمی دہشت گردہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور قتل غارت گری کے واقعات کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارایت دیا جانا ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے، اگر عالمی برادری نے بھارت کو ان دہشت گردانہ کارروائیوں پر اغماض برتا تو نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کا امن و سکون خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے آزاد جموں و کشمیر کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی ۔انہوں نے شوپیاں کے واقعہ کے بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلانے، آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کرنے اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنماؤں نے بھی وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر کو مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تفصیلاً بریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانی چاہئے۔ حریت رہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان اور کابینہ کے ممبران کی جائنٹ سیشن میں آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسے دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔