خبرنامہ پاکستان

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار تعزیت

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار تعزیت

اقوام متحدہ (ملت آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے ہم نے حقوق انسانی کے حوالہ سے نہایت قدآور شخصیت کھو دی ہے۔عاصمہ جہانگیر حقوق انسانی کیلئے اقوم متحدہ کی خصوصی ایلچی بھی رہیں۔نیویارک میں عالمی ادارے کے صدر دفتر سے جاری بیان میں انتونیو گوترش نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی خبر پاکستان اور پوری دنیا میں دکھ کے ساتھ سنی گئی۔انہوں نے ایک معروف قانون دان کی حیثیت سے اپنے ملک اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پوری دنیا میں انسانوں کے بنیادی حقوق اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لئے انتھک جدو جہد کی۔وہ ذہین، اصول پرست، جراٗت مند اور مہربان شخصیت کی مالک تھیں۔ انتونیو گوترش نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر ان کے خاندان، دوستوں، اقوام متحدہ اور پاکستان میں ان کے ساتھیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا کا عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار تعزیت
نیویارک معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے صدر محمد علی مہر کی طرف سے جاری بیان میں انہیں حقوق انسانی کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انصاف اور دلیل کا مجسمہ تھیں، انہوں نے اپنی ساری زندگی دہشت اور ناانصافی کی قوتوں کے خلاف جدو جہد کی۔ وہ قانون کی حکمرانی کی نڈر سپاہی تھیں جنہوں نے ناانصافی کے خلاف مزاحمت اور سچ کے دفاع کے لئے اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی۔ وہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کا استعارہ رہیں گی۔ ان کی موت سے دنیا انسانی حقوق اور انصاف کے عظیم علمبردار سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہ ہو سکے گا۔