خبرنامہ پاکستان

الزام تراشی روایت بن چکی ہے: رانا ثنااللہ

لاہور: (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ جب بولتے ہیں تو مخالفین کی خیر نہیں ہوتی۔ ایوان وزیر اعلیٰ مال روڈ لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاون پر حقائق بیان کرتے ہوئے خاصے سخت لہجے میں ڈاکٹر طاہر القادری پر خوب تنقید کے نشتر برسائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کو دو سال گزر گئے لیکن ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی جماعت صرف اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ پہلی ایف آئی آر 17 جون 2014 کو اور دوسرے عدالتی حکم پر دو ماہ کے بعد درج ہوئی پھر عوامی تحریک کے لوگ پیش نہیں ہوئے اور استغاثہ دائر کر دیا جبکہ ایف آئی آر اور استغاثے دونوں کی تحریروں میں بہت فرق ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کزنز ہیں۔ عمران کے دھرنے میں شرکت پر نہیں بولیں گے لیکن اب وہ رائیونڈ کا نام کم لیتے ہیں۔ عوامی تحریک احتجاج ضرور کرے لیکن قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔ ماڈل ٹاون پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ عدالت کے حکم پر شائع کر دیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت سے ٹکراو نہیں چاہتے لیکن واضع ہدایت ہے کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔