خبرنامہ پاکستان

الیکشن سے پہلے نوازشریف اڈیالہ جیل میں ہوں گے، قمرزمان کائرہ

الیکشن سے پہلے

الیکشن سے پہلے نوازشریف اڈیالہ جیل میں ہوں گے، قمرزمان کائرہ

لاہور :(ملت آن لائن) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن سے پہلے نواز شریف اڈیالہ جیل میں ہوں گے، شہباز شریف کو مزید کرپشن کا بھی حساب دینا ہوگا، پانچ فروری کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پانچ فروری کو جلسے کا اعلان کردیا، موچی گیٹ گراؤنڈ میں میں ہونے والے جلسے کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کردی گئی،قمرزمان کائرہ اور چودھری منظور کا کماہاں کے علاقے میں بھر پور استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما قمر زمان کائرہ نے شریف برادران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن سے پہلے نواز شریف اڈیالہ جیل میں ہوں گے، سابق وزیر اعظم کا پورا خاندان کرپشن میں ملوث ہے، میاں صاحب الیکشن کیلئے قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کےخلاف نیب گھیرا تنگ کر رہا ہے، آشیانہ اسکیم کی تحقیقات پرہی شہبازشریف بوکھلا گئے، ان کو ابھی تو پیلی ٹیکسی، سستی روٹی اسکیم اور مختلف منصوبوں کے نام پر لوٹی گئی قومی دولت کا حساب بھی دینا ہوگا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دنیا پاکستان کیخلاف محاذ بنا رہی ہے، ملک کو بچانے کیلئے پیپلز پارٹی کو اقتدار میں لانے کی ضرورت ہے۔